سنیچر کی صبح حماس کی جانب سے غزہ سے اب تک کا سب سے بڑا آپریشن کیا گیا ہے اور اسرائیل اس کے لیے بالکل بھی تیار نہیں تھا۔ اس وقت جو ہو رہا ہے اس کی مثال پہلے کبھی نہیں ملتی۔ حماس کے عسکریت پسندوں نے حفاظتی باڑ کو مختلف جگہوں سے کاٹا اور غزہ سے اسرائیل کی حدود میں داخل ہوئے۔
یہ گذشتہ کئی دہائیوں میں سرحد پار سے ہونے والا سب سے بڑا آپریشن تھا۔
یہ مصر اور شام کی جانب سے سنہ 1973 میں کی جانے والی اچانک کارروائی کی 50 ویں سالگرہ کے ایک دن بعد کیا گیا جس نے اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کی شروعات کر دی تھی۔
حماس کی قیادت یقیناً اس تاریخ کی اہمیت سمجھتی ہے جس کے باعث اسے چنا گیا
ادھر اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت حالتِ جنگ میں ہے اور وہ اپنے دشمنوں سے اس حملے کے بدلے میں بھاری قیمت وصول کریں گے۔
سوشل میڈیا پر ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں اور بچوں کی ویڈیوز اور تصاویر ہر طرف شیئر کی جا رہی ہیں۔
ان کے علاوہ ایسی ویڈیوز بھی شیئر ہو رہی ہیں جن میں حماس کے عسکریت پسند اسرائیلی فوجیوں اور عام شہریوں کو غزہ میں یرغمال بنائے ہوئے ہیں اور ان کے باعث جہاں اسرائیلی غصے میں ہیں وہیں اس سے خبردار بھی ہیں
اس کارروائی کے چند ہی گھنٹوں بعد اسرائیل نے غزہ میں فضائی حملوں کے ذریعے جوابی کارروائی کی جس کے باعث سینکڑوں فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی جرنیل اب ایک زمینی آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اسرائیلی یرغمالیوں کی غزہ میں موجودگی کا مطلب یہ ہے کہ یہ صورتحال ماضی میں کی جانے والی کسی بھی کارروائی سے زیادہ پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
گذشتہ کئی ماہ سے یہ بات تو واضح تھی کہ فلسطینی مسلح گروہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ تاہم یہ کب اور کہاں ہو گی یہ بات حماس کے مسلح گروہ کے علاوہ سب کے لیے ہی ایک سرپرائز ثابت ہوا۔
اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کا خیال تھا کہ اس قسم کا حملہ مقبوضہ غربِ اردن سے ہو سکتا ہے اور ان دونوں کی توجہ وہاں مرکوز تھی۔ مقبوضہ بیت المقدس اور اردن کی سرحد کے درمیان موجود یہ علاقہ سنہ 1967 کے بعد سے اسرائیل کے قبضے میں ہے اور یہاں گذشتہ ایک سال میں مسلسل پرتشدد واقعات ہوتے رہے ہیں۔
مسلح فلسطینی گروہ، خاص کر وہ جو غربِ اردن کے قصبوں جنین اور نابلس سے کارروائی کرتے ہیں نے اس سے پہلے بھی اسرائیلی فوجیوں اور اسرائیلی آبادکاروں پر حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اس دوران درجنوں کارروائیاں بھی کی ہیں اور مسلح آباد کاروں نے قانون اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے فلسطینی گاؤں پر حملے کیے ہیں۔
اسرائیل کی دائیں بازو کی حکومت میں موجود شدت پسند مذہبی قوم پرستوں نے اس دعوے کو دہرایا ہے کہ مقبوضہ علاقے مکمل طور پر یہودی سرزمین کا حصہ ہیں۔
تاہم کسی کو بھی حماس کی جانب سے غزہ سے اس قسم کا پیچیدہ اور مربوط آپریشن کرنے کی امید نہیں تھی۔
اسرائیل میں اسے ملک کے خفیہ اداروں کی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ان کے خفیہ ادارے اس منصوبے کو بھانپ نہیں پائے۔
اسرائیلیوں کا ماننا ہے کہ ان کے خفیہ ایجنٹس اور مخبروں کے ایک وسیع نیٹ ورک اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی گئی نگرانی انھیں محفوظ رکھے گی لیکن اس صورت میں ایسا نہیں ہوا۔
آخر میں اسرائیلی خفیہ ادروں کو حماس کے ’طوفان الاقصیٰ‘ آپریشن نے اس وقت چونکا دیا جب اسرائیلی ایک مذہبی تہوار کے باعث پرسکون انداز میں چھٹی کے دن عبادت کرنے کے بارے میں سوچ رہے تھے۔
حماس کا کہنا ہے کہ اس نے یہ کارروائی مقبوضہ بیت المقدس میں موجود مساجد کو لاحق خطرے کے باعث کی۔ گذشتہ ہفتے کے دوران کچھ یہودیوں نے مسجد الاقصیٰ کمپاؤنڈ میں جا کرعبادت کی تھی جو مسلمانوں کے لیے سعودی عرب میں مکہ اور مدینہ کے بعد تیسری سب سے زیادہ مقدس جگہ سمجھی جاتی ہے۔
یہی جگہ یہودیوں کے لیے بھی مقدس ہے کیونکہ یہاں قدیم زمانے میں ایک یہودی عبات گاہ ہوا کرتی تھی۔ یہاں عبادت کرنا شاید اتنی بڑی بات محسوس نہ ہو لیکن اسرائیل کی جانب سے ایسا کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے کیونکہ فلسطینیوں کے لیے یہ بہت زیادہ اشتعال انگیز عمل ہے۔
حماس کے آپریشن کی پیچیدگی یہ بتاتی ہے کہ اس کی منصوبہ بندی کئی ماہ تک کی جاتی رہی۔ یہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والے واقعات کا فوری ردِ عمل نہیں تھا۔
اسرائیل اور حماس ایک بار پھر حالتِ جنگ میں کیوں ہیں اس کی وجوہات بہت گہری ہیں۔ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع اس وقت بھی شدت اختیار کر رہا ہوتا ہے جب اس پر بین الاقوامی میڈیا کی نظریں نہیں ہوتیں۔
اس کے باوجود اکثر ایسے ممالک بھی اسے نظر انداز کرتے ہیں جو اب تک سرکاری طور پر ایک دو ریاستی حل یعنی آزاد فلسطین اور اسرائیل کی ایک ساتھ موجودگی کو اس کا واحد حل بتاتے ہیں۔
سنہ 1990 کی دہائی میں اوسلو امن عمل کے دوران دو ریاستی حل کے حوالے سے امید موجود تھی۔ تاہم اب یہ صرف ایک کھوکھلا نعرہ ہے۔
فلسطین اسرائیل تنازع صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی ترجیحات میں سے ایک ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سعودی عرب کو اس حوالے سے فلسطین کی سکیورٹی گارنٹیاں دی جا رہی ہیں تاکہ وہ اس کے بدلے میں اسرائیل کو تسلیم کر لے۔
امریکہ کی جانب سے سے امن عمل شروع کرنے کی کوشش صدر باراک اوباما کے دور میں تقریباً دس برس قبل ناکام ہو گئی تھی۔
اس تنازع کے پیچھے دراصل عربوں اور یہودیوں کے درمیان موجود زمین پر کنٹرول حاصل کرنے کا تنازع ہے جو بحیرۂ روم اور دریائے اردن کے درمیان واقع ہے۔