اس ہفتے مشہور فلسماز کرن جوہر کی 50ویں سالگرہ کی پارٹی کے چرچے زوروں پر ہیں۔ اس شاندار پارٹی میں بالی وڈ کے زیادہ تر بڑے بڑے ستارے شریک ہوئے۔ یش راج سٹوڈیوز میں ہونے والی اس عالیشان پارٹی میں جہاں مہمان ایک سے بڑھ کر ایک لباس پہن کر پہنچے وہیں پارٹی بھی کسی بڑے بجٹ والی فلم کے سیٹ سے کم نہیں تھی۔
بڑے بڑے سرخ پردوں، شاندار جھومروں اور بیش قیمت پھولوں سے سجائی گئی اس پارٹی میں ایک بڑا ڈانس فلور بھی بنایا گیا تھا۔ اب اس جگمگاتی پارٹی میں برتھ ڈے بوائے کرن جوہر نے مزید رنگ بھرتے ہوئے ہرے رنگ کی انتہائی بھڑکیلی جیکٹ پہنی ہے۔
کرن کے اس خاص دن کو مزید خاص بنانے کے لیے ان کے قریبی اور دور کے تمام دوست موجود تھے اور سب نے جم کر دھمال ڈالی۔
ظاہر ہے ان میں شاہ رخ خان اور فرح خان اور رانی مکھرجی سب سے آگے تھے۔ ابھشیک بچن اور ایشوریہ رائے کے ساتھ ساتھ سلمان خان بھی پوری رات پارٹی میں جشن مناتے رہے۔
ان کے ساتھ پریتی زنٹا، کرینہ کپور، مادھوری، سیف، شاہد کپور، ملائیکہ اڑوڑہ اور ان کی بہن امریتا اروڑہ بھی شامل تھیں۔
اس پارٹی کی تصاویر میڈیا اور سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔ اس پارٹی کی کچھ تصاویر ملائیکہ اور ان کی بہن امریتہ اروڑہ نے سوشل میڈیا پر کیا پوسٹ کیں کہ سوشل میڈیا کے عادی ٹرولرز بھی ایکٹیو ہو گئے اور ملائیکہ اور امریتا اروڑہ کو نشانہ بناتے ہوئے انھیں عمر رسیدہ کہا گیا جواب میں امریتا نے بھی ٹرولر کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اس پارٹی میں سٹار کڈز بھی خوب مستی کر رہے تھے جن میں آرین خان جنھیں حال ہی میں عدالت سے کلین چِٹ ملی ہے، سہانا خان، شنایا کپور، عننیہ پانڈے وغیرہ شامل تھیں۔
پارٹی میں نئی نویلی دلہن کترینہ کیف کے ساتھ ان کے شوہر وکی کوشل بھی پارٹی میں مدعو تھے۔ فرح خان نے بھی شاہ رخ خان کے ساتھ خوب ڈانس کیا۔
صبح چھ بجے تک چلنے والی اس شاندار پارٹی میں بالی وڈ سٹار ریتک روشن بھی ایک خاص مہمان کے ساتھ شریک ہوئے۔ جی ہاں وہ اپنی ایک دوست صبا آزاد کو اپنے ہمراہ اس پارٹی میں لائے اور سب سے ان کا تعارف اپنی گرل فرینڈ کہہ کر کروایا اور سب کی توجہ حاصل کی۔
اس حوالے سے ریتک کافی دنوں سے میڈیا کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہے تھے اور اپنی دوست صبا آزاد کے بارے میں کھل کر کوئی بات نہیں کر رہے تھے لیکن کرن جوہر کی پارٹی میں ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اینٹری لیتے ہوئے انھوں نے اپنے اس رشتے کو آفیشیل کرتے ہوئے آخر کار صبا کو اپنی گرل فرینڈ قرار دے دیا۔
کہا جا رہا ہے کہ پارٹی میں دونوں پورے وقت ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رہے۔
صبا آزاد اور ریتک کافی عرصے سے ساتھ نظر آ رہے تھے اور میڈیا میں ان کے بارے میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں