تحریریں

چینی شخص جس نے 62 لاکھ ڈالر کا کیلا خرید کر کھا لیا

آپ نے آج تک سب سے مہنگا پھل کون سا کھایا ہے؟ اگر آپ کو یہ کہا جائے کہ آپ کو ایک لاکھ ڈالر میں ایک سیب یا ایک کیلا کھانے کو ملے گا تو یقیناً آپ کہیں گے یہ کیسے ممکن ہے۔

کوئی عام دستیاب پھل اتنا مہنگا کیسے ہو سکتا ہے؟

ایسے میں اگر آپ کو یہ بتایا جائے کہ ایک چینی نژاد شخص نے 62 لاکھ ڈالر میں ایک کیلا خرید کر کھایا تو کیا آپ یقین کریں گے؟

مگر یہ حقیقت ہے۔ ایک چینی نژاد کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنے والے جسٹس سن نامی شخص نے نیویارک میں سوتھبی کے نیلام گھر سے ماریزیو کیٹلان کے 2019 کے بدنام زمانہ آرٹ ورک یعنی ایک کیلے کو خرید کر کھا لیا ہے۔

اس آرٹ ورک کا نام کامیڈین رکھا گیا تھا اور اس میں ایک کیلے کو ٹیپ کے ساتھ چپکا کر دیوار پر سجایا گیا تھا۔

حال ہی میں جسٹن سن نے اس آرٹ ورک کو 62 لاکھ ڈالرز کی بولی لگا کر خریدا تھا۔ اس نیلامی میں انھوں نے چھ افراد سے زیادہ بولی لگائی تھی اور کیلا حاصل کرلیا تھا۔

جسٹن سن نے یہ آرٹ ورک خریدنے کے بعد کہا تھا کہ وہ اس کیلے کو کھا لیں گے اور انھوں نے اپنا یہ وعدہ بھی پورا کر دکھایا۔

جس کے بعد وہ 62 لاکھ ڈالر مالیت کا کیلا کھانے والے شخص بن گئے ہیں۔

انھوں نے یہ پھل ہانگ کانگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کھایا۔

مگر یہاں یہ واضح رہے کہ یہ کیلا سنہ 2019 سے ٹیپ کے ساتھ چپکا کر رکھا نہیں گیا تھا بلکہ کسی بھی نمائش سے قبل اسے تبدیل کیا جاتا تھا اور ایک تازہ کیلا کینوس پر چپکایا جاتا تھا۔

جسٹن سن نے جب یہ آرٹ ورک خریدا تھا تو انھوں نے یہ حقوق بھی خریدے تھے کہ وہ اس کیلے کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل بھی اس آرٹ ورک سے دو بار کیلا اتار کر کھایا جا چکا ہے۔ پہلی مرتبہ سنہ 2019 میں ایک پرفارمنس آرٹسٹ نے ایسا کیا تھا جبکہ دوسری مرتبہ جنوبی کوریا کے ایک طالب علم نے اسے کھایا تھا۔ مگر انھوں نے اسے کھانے کی کوئی رقم ادا نہیں کی تھی۔

پریس کانفرنس کے دوران اسے کھاتے ہوئے جسٹن سن نے کہا کہ وہ بھی اس آرٹ ورک کی تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ دیگر کیلوں سے زیادہ لذیذ ہے۔‘

34 سالہ جسٹن سن نے کہا کہ اس آرٹ ورک کو لے کر ان کے پاس بہت سے سوال تھے جن میں کچھ معصومانہ بھی تھے، جیسے کہ کیا یہ کیلا آرٹ ورک پر چپکے چپکے گل سڑ جاتا ہے۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ گذشتہ ہفتے اس آرٹ ورک کی نیلامی کے دن ایک تازہ کیلا محض 35 سینٹ میں خریدا گیا تھا، جو نیلامی کے بعد ممکنہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین پھلوں میں سے ایک بن گیا۔

ہانگ کانگ میں اس پریس کانفرنس کے دوران حاضرین کو بھی ایک ایک کیلا اور ٹیپ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جسٹن سن نے کہا کہ ’سب کو کیلا کھانا ہو گا۔‘

جسٹن سن کرپٹو کرنسی میں ٹرون بلاک چین نیٹ ورک چلاتے ہیں۔ یہ وہ پلیٹ فارم ہے جہاں صارفین کرپٹو کرنسی کا لین دین کر سکتے ہیں۔

جسٹن سن نے ان آرٹ ورک اور دیگر کا این ایف ٹیز کے ساتھ موازانہ کیا ہے۔ آرٹ سے جُڑی ایسی چیزوں کی اپنی کوئی قیمت نہیں ہوتی لیکن لوگ ان کی قیمتیں خود لگاتے ہیں۔

ایسے این یف ٹیز جسٹن سن کے پلیٹ فارم پر بھی فروخت کیے جاسکتے ہیں۔

گذشتہ برس امریکہ کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے جسٹن سن کا الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم پر غیررجسٹرڈ اجزا کی خرید و فروخت کر رہے ہیں۔

رواں ہفتے جسٹس سن نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت یافتہ ایک کرپٹو کرنسی کے منصوبے میں تین کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں