تحریریں

روزانہ تین کلو سے زیادہ سونا پہن کر گھومنے والے ’گولڈن گائز‘ کون ہیں؟

انڈیا کے مشہور رئیلٹی شو بگ باس میں حال ہی میں مہمان بن کر آنے والوں کی فہرست میں گولڈن گائز  بھی شامل ہیں۔

اپنے گلے میں سونے کی موٹی زنجیریں، کلائیوں میں سونے کے موٹے کنگن اور سونے کے جوتے پہنے، سنی نانا صاحب واگھچور اور سنجے گرجر پہلی بار کپل شرما شو کے شائقین میں بیٹھے نظر آئے تھے جب انھوں نے شو کے میزبان کپل شرما کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔

سنہ 2016 کی فلم گریٹ گرینڈ مستی کی پروموشن کے دوران فلم کی سٹار کاسٹ وویک اوبرائے، رتیش دیش مکھ اور آفتاب شیوداسانی ’دی کپل شرما شو‘ میں آئے تھے جب یہ نوجوان شو میں دکھائی دیے۔

اس کے بعد یہ انڈیا کے تقریباً ہر شو میں مہمان بن کر آ چکے ہیں

گانے ’ڈونو یارا‘ اور 2022 میں سٹار بوائے ایل او سی کے گانے ’نچ بسنتی‘ کی ویڈیو میں بھی نظر آئے۔

وہ اکثر پونے میں ایک مشہور شخصیت کے طور پر مقامی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔ وہ اکثر اپنے سوشل میڈیا پر اپنا امیر طرز زندگی شیئر کرتے رہتے ہیں۔

ان دونوں نے ’گولڈن گائز‘ کے نام سے ایک این جی او بھی شروع کی ہے جس میں وہ پونے میں غریب بچوں کو روزانہ کھانا فراہم کرتے ہیں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں۔

سونا اور رشتہ

 گولڈن گائز کا تعلق مہاراشٹر کے علاقے پمپری چنچواڈ، پونے سے ہے۔ سنی 2 جنوری 1990 کو پونے میں پیدا ہوئے اور سنجے 27 جنوری 1985 کو پیدا ہوئے۔

پونے میں پرورش پانے والے، گولڈن گائز بچپن کے دوست ہیں۔ انھوں نے ڈی وائی پاٹل کالج سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ کپل شرما کے شو میں انھوں نے بتایا کہ کالج ان کا ہی ہے۔

دراصل کالج کی زمین ان کی ہے اور تعمیر بھی انھوں نے کروائی۔ دونوں بچپن سے سونے کے زیورات پہنے ہوئے ہیں۔ دونوں کا تعلق مشترکہ خاندان سے ہے جس کے 58 ارکان ہیں۔

سنی واگھچور اور سنجے گرجر کا سونے کا جنون صرف سونے کے زیورات تک ہی محدود نہیں ہے

انھیں مہنگی گاڑیوں کا بھی شوق ہے۔ دونوں کے پاس کئی مہنگی کاریں ہیں جن میں بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز، آڈی، رینج روور اور جیگوار شامل ہیں۔

انھوں نے ان میں سے کچھ مہنگی گاڑیوں پر سونے کی تہہ لگوائی ہے۔

جب گولڈ پلیٹ والی گاڑیاں سڑک پر آتی ہیں تو ان کو نقصان سے بچانے کے لیے دو چار گاڑیاں آگے پیچھے چلتی ہیں۔

زیورات اور گاڑیوں کے علاوہ ان کے پاس فون، جوتے، گھڑیاں اور سونے کی سائیکلیں بھی ہیں۔

گولڈن گائیز جب بھی باہر جاتے ہیں تو ان کے ساتھ دو محافظ سکیورٹی کے لیے موجود ہوتے ہیں

یہ بھی پڑھیں