تحریریں

ادویات جو دماغ کو متاثر کرتی ہیں

امریکہ میں ہر برس 49 ہزار ٹن پیراسیٹامول فروخت ہوتی ہے، جس کا مطلب ہے 298 گولیاں فی کس

اب تک آئے روز سڑکوں پر دنگا فساد کرنے، جوئے کی لت پڑ جانے، حتیٰ کے نہایت پیچیدہ قسم کے فراڈ کے ایسے کئی واقعات ہو چکے ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس قسم کی حرکات اور عام ادویات کے درمیان تعلق پایا جاتا ہے۔ کچھ روز مرّہ کی ادویات کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے دیرپا استعمال سے خلجان اور عصابی تناؤ کم ہو جاتا ہے جبکہ کچھ دوائیں ایسی ہوتی ہیں جن کے استعمال سے آپ لوگوں سے دور ہو جاتے ہیں۔

قصہ مختصر یہ کہ تحقیق کے بعد معلوم ہوا ہے کہ بہت سی عام ادویات نہ صرف ہمارے جسم پر اثر انداز ہوتی ہیں بلکہ ہمارے دماغ پر بھی اثر ڈالتی ہیں۔

لیکن ایسا کیوں ہوتا اور آیا وقت آ گیا ہے کہ عام ادویات کے پیکٹ پر بھی یہ پیغام لکھا جائے کہ اس دوا سے آپ کے دماغ پر بھی اثر پڑ سکتا ہے؟

یہ تب کی بات ہے جب ایک تحقیق میں حصہ لینے والے ’مریض نمبر پانچ‘ پچاس کے پیٹے میں تھے اور جب وہ ڈاکٹروں سے ملے تو ’ان کی زندگی بدل گئی‘

ان صاحب کو شوگر تھی اور وہ کولیسٹرول کم کرنے والی دوا ’سٹیٹن‘ پر جاری ایک تحقیق میں حصہ لینے گئے تھے۔ ڈاکٹر یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ آیا یہ دوا اب بھی شوگر کے مریضوں کے لیے موثر ہو سکتی ہے یا نہیں۔

یہاں تک تو سب ٹھیک تھا۔

لیکن علاج شروع ہونے کے کچھ ہی عرصہ بعد ان کی اہلیہ نے دیکھا کہ ان کے شوہر میں عجیب و غریب قسم کی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ اس سے پہلے وہ ایک ’معقول‘ شخص تھے، لیکن اب انہیں بیٹھے بٹھائے شدید غصہ آ جاتا اور انہوں نے گاڑی چلاتے وقت سڑک پر دوسرے لوگوں سے جھگڑنا شروع کر دیا۔ ان کی اہلیہ کو اچھی طرح یاد ہے کہ ایک دن شوہر کو اتنا غصہ آیا کہ انہوں نے تمام گھر والوں کو دھمکی دے دی کہ ’تم سب مجھ سے دور رہو ورنہ میں سب کو ہسپتال پہنچا دوں گا‘۔

یہ سوچ کر کہ کسی دن سڑک پر کوئی بڑا ہنگامہ نہ ہو جائے، ان صاحب نے خود ہی گاڑی چلانا چھوڑ دی۔ لیکن اس کے بعد بھی جب وہ ڈرائیور کے ساتھ والی نشت پر بیٹھے ہوتے، انھیں غصہ آ جاتا اور وہ بیوی سے کہتے کے گاڑی واپس موڑو اور گھر چلو۔ ایسی صورت میں وہ اپنے شوہر کو اکیلے گھر پر ٹی وی دیکھنے کے لیے چھوڑ کر نکل جاتیں۔ اب انہیں اپنے بارے میں فکر ہونے لگی تھی کہ کہیں ان کا شوہر گھر میں انہیں کوئی نقصان نہ پہنچا دے۔

اور پھر ایک دن ’مریض نمبر پانچ‘ کو اچانک احساس ہوا کہ کچھ گڑ بڑ ہے۔ یونیورسٹی آف کیلیفونیا سے منسلک بیوٹریس گولومب بتاتی ہیں کہ ان صاحب نے کہا ’اب مجھے سمجھ آ گیا ہے کہ یہ سب کچھ اس وقت شروع ہوا تھا جب میں نے تحقیق میں حصہ لینا شروع کیا تھا۔‘

یہ احساس ہوتے ہی دونوں میاں بیوی بھاگے بھاگے تحقیق کرانے والے لوگوں کے پاس پہنچے۔ گولومب کے بقول تحقیق کرنے والوں کا ’رویہ بہت جارحانہ تھا۔ انہوں نے اس بات سے انکار کر دیا کہ مریض نمبر پانچ میں آنے والی تبدیلیاں اور دوا کے درمیان کوئی تعلق ہو سکتا ہے۔ ان کا اصرار تھا کہ ان صاحب کو دوا نہیں چھوڑنی چاہیے۔‘

شکر ہے کہ اس وقت تک ان صاحب کو غصے کی اتنی عادت ہو چکی تھی کہ انہوں نے ڈاکٹروں کی بات ماننے سے انکار کر دیا۔ ’انہوں نے ڈاکروں کو کھری کھری سنا دیں اور غصے میں وہاں سے اٹھ کر آ گئے۔ اس دن کے بعد انہوں نے دوا لینا بند کر دی اور دو ہی ہفتے بعد ان کی اصل شخصیت واپس آ گئی۔

لیکن اس تحقیق میں حصہ لینے والے دیگر لوگ اتنے خوش نصیب نہیں تھے۔

گذشتہ کئی برسوں میں گولومب نے امریکہ بھر سے کئی مریضوں کی کہانیاں جمع کی ہیں۔ سٹیٹن استعمال کرنے والے ان مریضوں کی کہانیوں میں نہ صرف ٹوٹی ہوئی شادیوں اور لوگوں کی تباہ شدہ پیشہ ورانہ زندگیوں کی داستانیں ہیں، بلکہ گولومب کو معلوم ہوا کہ سٹیٹن لینے والے مردوں کی ایک بڑی تعداد میں غصہ اتنا زیادہ ہو گیا تھا کہ وہ اپنی بیویوں کو قتل کر دینے تک جا پہنچے تھے

اس قسم کے تقریباً ہر معاملے میں مزاج میں خرابی کے آثار اس وقت شروع ہوئے تھے جب ان لوگوں نے سٹیٹن لینا شروع کی تھی اور جب انہوں نے یہ دوا روک دی تو ان کو غصہ آنا بند ہو گیا۔ یہاں تک کہ ایک شخص کو یہ بات تب معلوم ہوئی جب وہ پانچ مرتبہ اس صورتحال سے دوچار ہو چکا تھا کہ وہ جب بھی سٹیٹن کا کورس کرتا اس کا مزاج خراب ہونا شروع ہو جاتا۔

گولومب کے بقول ان کی تحقیق بتاتی ہے کہ دوا اور بدمزاجی میں تعلق کی سمجھ تو دور کی بات ہے، اکثر لوگوں کو یہ سمجھنے میں بھی شدید مشکل ہوتی ہے کہ واقعی ان کے رویے میں تبدیلی آ چکی ہے۔ کچھ مثالیں ایسی ہیں جہاں لوگوں کو یہ سمجھ آ گئی لیکن بہت دیر سے۔

اس حوالے سے کئی مریضوں کے خاندان والوں نے گولومب سے رابطہ بھی کیا اور انہیں بتایا کہ مریض نے خودکشی کر لی ہے۔ ایسے لوگوں میں بین الاقوامی شہرت کے ایک سائنسدان اور ایک قانونی جریدے کے مدیر بھی شامل تھے۔

ہم سب سائیکی ڈیلیک ادویات (وہ ادویات جن کے کھانے سے انسان کو فریب نظر ہوتا ہے اور اس کا ذہن کشادہ ہو جاتا ہے) کی خصوصیات سے واقف ہیں، لیکن تحقیق بتاتی ہے کہ عام ادویات بھی ہمارے دماغ پر بالکل اسی طرح اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ یوں پیراسیٹامول سے لیکر کر الرجی اور زکام وغیرہ کی دوائیں (اینٹی ہِسٹامین)، سٹیٹن برادری کی ادویات، دمہ کی دوائیں اور ڈیپرشن میں استعمال کی جانے والی (اینٹی ڈیپریسنٹ) دوائیں، تمام کے بارے میں اب ثبوت سامنے آ رہے ہیں کہ یہ دوائیں بھی ہمارے دماغ پر ایسے اثرات مرتب کر سکتی ہیں کہ ہم بغیر سوچے سمجھے فیصلہ کرنے لگیں، ہمیں غصہ آنے لگے، ہم ایک جگہ ٹک کر نہ بیٹھیں، اجنبی لوگوں سے ہمدردی کرنا چھوڑ دیں، اور اپنی شخصیت کے بنیادی اوصاف کے ساتھ ہی کھیلنا شروع کر دیں۔

اگر سٹیٹنز انسانوں کے دماغ پر اثر کرتی ہیں، تو اس کی وجہ جسم میں کولیسٹرول کی کمی ہوتی ہے

اکثر لوگوں میں اس قسم کی تبدیلیاں اتنی کم ہوتی ہیں کہ ہمیں خبر ہی نہیں ہوتی، لیکن کچھ میں ان تبدیلیوں کا اظہار خاصا ڈرامائی بھی ہو سکتا ہے۔

مثلاً سنہ 2011 میں فرانس میں ایک شخص، جس کے دو بچے تھے، اس نے ایک دوا ساز کمپنی پر ہرجانے کا دعویٰ کر دیا تھا۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ پارکِنسنز کے مرض کے لیے جو دوا لے رہا تھا، اس کی وجہ سے وہ پیشہ ور جواری اور ہم جنس پرست بن گیا۔

پھر 2015 میں ایک شخص جو انٹرنیٹ پر کم عمر لڑکیوں کو نشانہ بنانے کا مرتکب پایا گیا تھا، اس نے عدالت میں یہ موقف اختیار کیا کہ سارا کیا دھرا ’ڈورومائن‘ نامی اس (اینٹی اوبیسٹٹی) دوا کا تھا جو وہ موٹاپا کم کرنے کے لیے لے رہا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس دوا کے لینے سے اس کا اپنے دماغ پر کنٹرول کم ہو گیا تھا۔

اس کے علاوہ ہم آئے دن سنتے ہیں کہ کوئی قاتل اپنے جرم کا ذمہ دار سکون آور (اینٹی سیڈیٹِو) ادویات یا ڈیپرشن کی کسی دوا کو قرار دے رہا ہے۔

اگر یہ دعوے سچ ہیں تو ان کے اثرات بہت گہرے ہو سکتے ہیں۔ مجرم جن ادویات کو اس قسم کے جرائم کا ذمہ دار بتاتے ہیں، ان کی فہرست میں کچھ ایسی ادویات بھی شامل ہیں جو دنیا بھر میں لاکھوں کروڑوں لوگ روز مرہ لیتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگرچہ کسی ایک شخص پر ان ادویات کے اثرات بہت کم ہیں، لیکن اگر آپ اسے بڑے پیمانے پر دیکھیں تو ہو سکتا ہے کہ یہ ادویات دنیا میں کروڑوں لوگوں کی شخصیت تبدیل کر رہی ہوں۔

ان ادویات کے اس قسم کے اثرات کے بارے میں بحث کے لیے آج سے بہتر شاید کوئی وقت نہیں تھا۔ آج کل دنیا ادویات کے بے تحاشا استعمال کے بحران سے گزر رہی ہے، جہاں صرف امریکہ میں سالانہ 49 ہزار ٹن پیراسیٹامول خریدی جاتی ہے، یعنی فی کس 289 گولیاں سالانہ۔

اس کے علاوہ، جوں جوں عالمی سطح پر آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، لگتا ہے کہ عام ادویات کی فہرست ہمارے ہاتھ سے نکلتی جا رہی ہے۔ مثلاً برطانیہ میں 65 سال سے زیادہ عمر کے ہر دس افراد میں سے ایک ایسا ہے جو ہر ہفتے آٹھ مختلف دوائیں لیتا ہے۔گولومب کی تحقیق کے بعد سے مزید ثبوت بھی سامنے آ چکے ہیں اور مختلف ماہرین نے دیکھا ہے کہ سٹیٹنز اور بدمزاجی کے درمیان ممکنہ تعلق موجود ہے۔ اس سلسلے میں گولومب خود ایک تحقیق میں مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں، جس میں معلوم ہوا ہے کہ سٹیٹنز کے استعمال میں ان خواتین میں غصہ زیادہ ہوجاتا ہے جو بچے پیدا کرنے کی عمر سے تجاوز کر چکی ہوتی ہیں، یعنی پوسٹ مینوپاز عمر کی خواتین میں۔ اس تحقیق میں یہ عجیب بات دیکھی گئی کہ مردوں میں اس قسم کے اثرات ظاہر نہیں ہوئے۔

سنہ 2018 میں ایک تحقیق میں ثابت ہوا کہ مچھلیوں میں بھی اسی قسم کے اثرات ہوتے ہیں۔ اس تحقیق سے ثابت ہوا کہ اگر آپ دریائے نیل میں پائے جانے والی تلیپیا قسم کی مچھلیوں کو سٹیٹنز دیتے ہیں تو وہ جھگڑالو ہو جاتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کولیسٹرول اور تشدد کے درمیان تعلق شاید کروڑوں برسوں سے چلا آ رہا ہے۔

اگرچہ گولومب سمجھتی ہیں کہ ہر شخص پر یہ اثرات دوسرے شخص سے بہت مخلتف ہو سکتے ہیں، لیکن انہیں یقین ہے کہ کولیسٹرول میں کمی، یعنی سٹیٹنز کے استعمال سے مردوں اور خواتین کے رویوں میں تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔

گولومب نے سویڈن میں پولیس کے ریکارڈ کی بنیاد پر دو لاکھ پچاس ہزار مجرموں میں کولیسٹرول کی مقدار پر تحقیق کی ہے۔ اس کی بنیاد پر ان کا کہنا ہے کہ ’ہمارے پاس ایسے ثبوت موجود ہیں جو ایک ہی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ اگر آپ باقی عوامل کو رد بھی کر دیتے ہیں، آپ کو پھر بھی نظر آتا ہے کہ وہ لوگ جن میں کولیسٹرول کی کمی ہوتی ہے ان کے کسی پُرتشدد جرم میں پکڑے جانے کے امکانات دوسروں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتے ہیں۔‘

حصے میں محسوس کرتے ہیں جس حصے میں درد محسوس کرتے ہیں۔

ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈومینک مسچاؤسکی کو خیال آیا کہ کہیں درد کی دوائیں ہمارے اندر ہمدردی کے جذبے کو متاثر تو نہیں کر رہیں۔ اسی لیے انہوں نے سنہ 2019 کے اوائل میں اوہائیو کی دو یونیورسٹیوں سے کچھ طلباء لیے اور انہیں دو گروہوں میں تقسیم کر دیا۔ ایک گروپ کو پیراسیٹامول کی ہزار ملی گرام کی گولیاں دی گئیں جبکہ دوسروں کو درد کی ایک اور دوا ’پلاسیبو‘ دی گئی۔ اس کے بعد دونوں گروہوں سے کہا گیا کہ وہ لوگوں کی ایسی کہانیاں پڑھیں جن میں انہوں نے بیان کیا ہو کہ فلاں کام کر کے انہیں کتنا اچھا لگا، جیسے ایلکس کی خوش قسمتی کی کہانی جس میں اس نے بتایا کہ کیسے ایک دن اسں نے ہمت کر کے آخر کار ایک لڑکی سے ڈیٹ پر چلنے کو کہہ دیا۔ (آپس کی بات ہے وہ لڑکی مان بھی گئی۔)

 کہا جاتا ہے کہ اگر آپ نے شراب پی رکھی ہے تو آپ کو گاڑی نہیں چلانی چاہیے، ہمیں بتایا جانا چاہیے کہ جب آپ نے پیراسیٹامول لے رکھی ہو تو آپ کسی ایسے مسئلے میں نہ الجھیں جس میں آپ کے جذبات بھی شامل ہو سکتے ہیں، مثلاّ اپنے شوہر، بیوی یا دفتر کے ساتھی سے کوئی سنجیدہ گفتگو کرنا۔

کسی دوا کے اتنے زیادہ نفسیاتی اثرات ہو سکتے ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمارا جسم کوئی ایسا تھیلا نہیں ہے جس میں مختلف اعضاء کسی کیمیائی مادے میں ڈوبے ہوئے ایک دوسرے سے الگ تھلگ تیر رہے ہیں، بلکہ ہمارا جسم ایک نیٹ ورک ہے جس میں مختلف اعضاء کا کام ایک دوسرے سے جُڑا ہوا ہے۔

اس کی مثال کچھ یوں ہے کہ سائنسدانوں کو ایک عرصے سے یہ بات معلوم ہے کہ دمے کے علاج کے لیے جو ادویات استعمال کی جاتی ہیں، بعض اوقات وہ ہمارے رویوں پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، مثلاً ہم ضرورت سے زیادہ چست ہو جاتے ہیں اور اس سے ہمارے اندر اے ڈی ایچ ڈی کی علامات پیدا ہو سکتی ہیں، یعنی ہم کسی چیز پر زیادہ دیر تک توجہ مرکوز نہیں رکھ سکتے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں ضرورت سے زیادہ چستی (ہائیپر ایکٹویٹی) اور اے ڈی ایچ ڈی کے درمیان ایک عجیب و غریب تعلق دیکھنے میں آیا ہے۔ اس تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص ہائیپر ایکٹِو ہو تو اسے اے ڈی ایچ ڈی ہونے کے امکانات 45 سے 53 فیصد زیادہ ہو جاتے ہیں۔ کوئی نہیں جانتا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے، لیکن ایک خیال یہ ہے کہ دمے کی دواؤں سے ہمارے اندر سیروٹونِن میں گڑ بڑ ہو جاتی ہے جس سے ہم میں اے ڈی ایچ ڈی کی علامات پیدا ہو جاتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق سٹیٹن برادری کی ادویات ہمارے دماغ پر بہت اثرانداز ہوتی ہیں

بعض اوقات ادویات اور آپ کی ذہنی کیفیت میں تعلق زیادہ واضح ہوتا ہے۔ مثلاً سنہ 2009 میں نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی سے منسلک ماہرینِ نفسیات نے یہ دیکھنے کا فیصلہ کیا کہ آیا ڈیپرشین کی ادویات ہماری شخصیت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ یہ ٹیم خاص طور پر خلجان یا نیوروٹوسزم کا مطالعہ کرنا چاہتی تھی۔ نیوروٹوسزم کا مطلب ’پانچ بڑی‘ ذہنی بیماریاں ہیں، جن میں بلاوجہ بے چینی، خوف، حسد، کینہ، اور شرمندگی شامل ہیں۔

اس تحقیق کے لیے ٹیم نے ایسے بالغ افراد کا انتخاب کیا جنہیں درمیانے درجے سے لیکر انتہائی درجے کا ذہنی دباؤ یا ڈیپرشن تھا۔ ٹیم نے ایک تہائی افراد کو سیروٹونِن کو روکنے والی دوا ’پیروکسیٹن‘ دی، ایک تہائی کو پلاسیبو اور ایک تہائی کو صرف نفسیاتی علاج یا تھیراپی۔ پھر 16 ہفتے بعد ٹیم نے دیکھا کہ ان افراد کے مزاج اور شخصیات میں کیا تبدیلی آئی۔

ٹیم میں شامل رابرٹ ڈیروبیس کے مطابق ’ہم نے دیکھا کہ جن لوگوں کو دوا یعنی پیروکسیٹن دی گئی تھی ان کے نیوروٹوسزم میں بہت زیادہ تبدیلیاں آئیں جبکہ پلاسیبو یا تھیراپی والے افراد میں بالکل زیادہ تبدیلی نہیں آئی‘۔

اس تحقیق میں حیرت کی بات یہ دیکھنے میں آئی کہ اینٹی ڈیپریسنٹ لینے سے مریضوں کے ذہنی دباؤ میں تو کمی دیکھنے میں آئی، لیکن ان کے نیوروٹوسزم میں تبدیلی بہت زیادہ آئی۔

کسی مریض کے نیوروٹوسزم میں اتنی کمی ایک اچھی بات ہو سکتی ہے، لیکن یہ اتنی اچھی خبر بھی نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری شخصیت کا یہ پہلو ایک دو دھاری تلوار کی طرح ہوتا ہے۔ اگر آپ بہت زیادہ بے چین رہتے ہیں تو آپ جلد مر بھی سکتے ہیں، لیکن کہا جاتا ہے کہ اگر آپ بے چینی میں زیادہ سوچتے ہیں تو یہی چیز آپ کے لیے اچھی بھی ہو سکتی ہے۔ مثلاً جو لوگ خلجان کا شکار ہوتے ہیں وہ عموماً خطروں سے دور رہتے ہیں اور کچھ لوگوں کے معاملے میں زیادہ فکرمندی سے ان کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے

 اس کا ذمہ دار دوا کو قرار دیا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ اس دوا نے اس کی شخصیت بالکل تبدیل کر دی ہے۔

بغیر سوچے سمجھے کوئی حرکت کرنے کی سمجھ آتی ہے، کیونکہ ’ایل- ڈوپا‘ کھانے سے آپ کے دماغ میں ڈوپامائن کی مقدار یکدم بڑھ جاتی ہے اور یہ کیمیائی مادہ ہمیں خوشی اور انعام کے جذبات سے لبریز کر دیتا ہے۔

ماہرین اتفاق کرتے ہیں کہ ’ایل- ڈوپا‘ وہ دوا ہے جو پارکنسنز کی بہت سی علامات پر قابو پا لیتی ہے اور امریکہ میں ہر سال ہزارہا افراد کو یہ دوا تجویز کی جاتی ہے۔ اس کے باوجود کہ اس دوا کے ممکنہ مضر اثرات کی فہرست بھی بہت طویل ہے، اور ان مضر اثرات میں آپ میں کوئی حرکت کر گزرنے کا غیر معمولی جذبہ ابھر آتا ہے، جیسے جوا کھیلنے یا سیکس کرنے کی شدید خواہش۔

حقیقت یہ ہے کہ ڈی روبیس، گولومب اور مسچاؤسکی، تینوں کا خیال یہی ہے کہ وہ جن ادویات پر تحقیق کر رہے ہیں، ان کے ممکنہ نفسیاتی اثرات کے باوجود لوگ انہیں استعمال کرتے رہیں گے۔ تاہم مسچاؤسکی کہتے ہیں کہ ’ہم سب انسان ہیں۔ ہم ایسی بہت سے چیزیں کھاتے ہیں جو ہم جانتے ہیں کہ ہمارے لیے ہمیشہ اچھی نہیں ہو سکتیں۔ اس حوالے سے میں ہمیشہ شراب کی مثال دیتا ہوں، کیونکہ شراب بھی پیراسیٹامول کی طرح درد کم کرتی ہے۔ ہم شراب پیتے ہیں کیونکہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ اس کے فوائد بھی ہیں، اور اس میں اس وقت تک کوئی برائی نہیں جب تک آپ کو پتہ ہو کہ آپ کو کب اور کتنی پینی ہے‘۔

لیکن ہم جتنی زیادہ دوائیں لے رہے ہیں، اگر ہم ان کے مفید اثرات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور مضر اثرات کو کم سے کم رکھنا چاہتے ہیں تو مسچاؤسکی کا اصرار ہے کہ ہمیں زیادہ معلومات ملنی چاہئیں کیونکہ فی الحال یہ بات بڑی حد تک ایک راز ہی ہے کہ یہ دوائیں لوگوں کے انفرادی رویوں اور پورے معاشرے کو کیسے متاثر کر رہی ہیں۔

اعلانِ دستبرداری

اس مضمون کے تمام مواد کا مقصد محض معلومات کی فراہمی ہے، اس لیے مضمون میں بیان کی گئی کسی بھی رائے یا خیال کو کسی ڈاکٹر، طبی عملے یا دیگر طبی مشورے کا بدل نہ تصور کیا جائے۔ اگر کوئی شخص اس مضمون کی بنیاد پر کوئی تشخیص کرتا ہے تو اس کی ذمہ داری بی بی سی پر عائد نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اس مضمون میں موجود کسی دوسری ویب سائٹ کے مواد کا ذمہ دار بھی بی بی سی نہیں ہوگا اور نہ ہی بی سی کسی ایسی مصنوعات یا خدمات کی ترویج کرتا ہے جن کا ذکر اس مضمون میں کیا گیا ہے۔ اگر آپ کو اپنی صحت کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہے تو ہمیشہ اپنے معالج سے مشورہ کیجیے۔ شکریہ

یہ بھی پڑھیں