تحریریں

وسیم اکرم سپورٹس کی دنیا میں سب کو کھا گئے اب ایکٹنگ کی دنیا میں بھی سب کو کھا جائیں گے: فواد خان

وسیم اکرم بھی اچھے اداکار ہیں، مجھے لگتا ہے کہ سپورٹس کی دنیا میں تو وہ سب کو کھا گئے اب ایکٹنگ کی دنیا میں بھی سب کو کھا جائیں گے۔ ‘

یہ کہنا تھا اداکار فواد خان کا جو سابق کرکٹر وسیم اکرم کے ساتھ اپنی نئی فلم میں کام کر رہے ہیں۔

فواد خان کی نئی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ جلد ریلیز ہونے والی ہے۔ جو بقول ان کے سیاست کے موضوع پر طنزیہ فلم ہے۔

ان کے ساتھ اس فلم میں وسیم اکرم کے علاوہ جاوید شیخ، افضل خان ریمبو، میکال اسماعیل، مانی اور علی سفینہ بھی کامیڈی کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم میں وسیم اکرم کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیہ شنیرا اکرم بھی نظر آئیں گی۔

فواد خان کا کہنا ہے کہ فلم ٹریلر میں دکھائے جانے والے مناظر سے بہت مختلف ہے اور ایسا صرف ناظرین کو سپرائز دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

وسیم اکرم کی یہ ڈیبو فلم ہے اور ان کے مداح اس کے لیے بہت پر جوش ہیں۔

فلم میں اداکاری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’وسیم اکرم کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں۔ وہ بہت اچھے انسان ہیں لیکن اداکاری کے جوہر پہلی بار دیکھے ہیں۔‘

فواد خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے بہترین کام کیا ہے۔ لوگ انجوائے کریں گے۔

انھوں نے ازارہ تفنّن کہا کہ انھیں لگتا ہے کہ وسیم اکرم اب اداکاروں سے ان کا کام چھین لیں گے

اب اداکار سے زیادہ کہانی بڑی ہو گئی ہے‘

فواد خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ اب اداکار سے زیادہ کہانی بڑی ہو گئی ہے۔ اور اب اصل سٹار کہانی یا سکرپٹ ہوتا ہے۔ ‘

انھوں نے بتایا کہ وہ ٹام کروز سے مداح ہیں۔

فواد کا کہنا تھا کہ ’میں نے سنا ہے کہ ٹام کروز کی کوئی فلم فلاپ نہیں ہوئی۔ تاہم کبھی کبھار بعض ادکاروں کی کچھ فلمیں نہیں چلیتں لیکن مجھے ان کا پسند آیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ باکس آفس کی سائنس دراصل لوگوں کے کام کے ساتھ انصاف نہیں کرتی۔

کرداروں کے لیے خاص تیاری نہیں کرتا‘

فواد خان کا کہنا ہے کہ ’اصل طاقت سچ بولنے میں ہے۔ لیکن اس کے لیے بہت ہمت چاہیے۔ ‘

فواد خان سنجید کردار بھی کرتے ہیں اور مزاحیہ بھی تو وہ اس کے لیے خود کو کیسے تیار کرتے ہیں۔ اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی کبھی آئینے کے سامنے ڈائیلاگ بول کر تیاری کرتے ہیں تاہم اکثر وہ اسے سرپرائز رہنے دیتے ہیں۔

’جو کردار آپ دیانتداری سے نہیں کرتے تو مزہ نہیں آتا لیکن اگر آپ دیانتداری سے کرتے ہیں تو اس سے بہتر کچھ نہیں ہوتا اس سے بڑا ایوارڈ کوئی نہیں ہوتا۔‘

فواد خان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک اداکار کا سب سے بڑا ناظر اس کا اپنا آپ ہوتا ہے۔ ہر اداکار کبھی نہ کبھی اپنے کام کے بارے میں یہ ضرور کہتا ہے کہ یہ کام جو کر دیا ہے وہ بہترین ہے۔ ‘

اداکاری کے حوالے سے فواد خان کا کہنا تھا کہ ’یہ پیشہ دنیا بھر گھما کر آپ کو مختلف تہذیبوں سے آشنا کرتا ہے۔ اس لیے یہ سیکھنے کا عمل بھی ہے۔‘

انھوں نے انڈیا میں کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ وہ یادگار وقت تھا اور انھوں نے اپنے انڈین شائقین کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ان کے کام کو ہمیشہ سراہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں